ہوناور، 28 / جولائی (ایس او نیوز) لنگن مکّی ڈیم میں پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کے پیش نظر آبی ذخیرے سے پانی چھوڑنے کا دوسرا الرٹ نوٹس جاری کیا گیا ہے جس سے ڈیم کے آس پاس اور شراوتی ندی کے کنارے بسنے والوں کی تشویش میں اضافہ ہوا ہے ۔
کے پی ٹی سی ایل کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ جولائی کے مہینے میں ہوئی موسلا دھار برسات کی وجہ سے لنکن مکّی آبی ذخیرے میں بڑی مقدار میں پانی جمع ہوگیا ہے ۔ ڈیم کے اندر زیادہ سے زیادہ 1819 فٹ پانی جمع رکھنے کی گنجائش ہے، اور اس وقت وہاں پانی کی سطح 1807 فٹ سے زیادہ ہوگئی ہے ۔ اگر پانی کی سطح میں اضافی کی یہی صورتحال رہی تو پھر ڈیم سے پانی خارج کرنا لازمی ہو جائے گا ۔
خیال رہے کہ لنگن مکّی آبی ذخیرے سے جو پانی چھوڑا جاتا ہے وہ پورے کا پورا گیرو سوپّا ڈیم کے ذخیرے کی طرف بڑھتا ہے اور یہاں اتنی مقدار میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش نہ ہونے سے گیرو سوپّا ڈیم کے دروازے پانی نکاسی کے لئے کھول دئے جاتے ہیں جس کے نتیجے میں شراوتی ندی میں طغیانی آتی ہے اور ندی کے دونوں کناروں بسنے والوں کے لئے جان و مال کا خطرہ لاحق ہوتا ہے ۔
اس پس منظر میں کے پی ٹی سی ایل کی طرف سے عوام کے نام الرٹ جاری کیا جاتا ہے تا کہ وہ اپنے جان و مال کی حفاظت کے لئے پیشگی اقدامات کر سکیں ۔ گزشتہ ہفتے اس ضمن میں پہلا الرٹ نوٹس جاری کیا گیا تھا اور اب یہ دوسرا الرٹ جاری ہوا ہے ۔